وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر مملکتِ سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض پہنچ گئے۔
کنگ خالد ایئرپورٹ پر ریاض کے نائب گورنر محمد بن عبدالرحمن بن عبدالعزیز، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر نواف بن سعید المالکی، سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق اور اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیرِ اعظم اور وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کی آمد پر ریاض شہر کو سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا۔وزیرِ اعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ سعودی افواج کے دستے نے سلامی پیش کی۔بعد ازاں وزیرِ اعظم شاہی دیوان، قصر یمامہ میں سعودی ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، جہاں باضابطہ استقبال بھی کیا جائے گا۔دو طرفہ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے تمام پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا، جبکہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ ذرائع کے مطابق دورے کے دوران مختلف شعبوں میں تعاون کو عملی شکل دینے کے حوالے سے اہم پیش رفت متوقع ہے، جو دونوں برادر ممالک کے دیرینہ تعلقات کے مزید فروغ کا باعث بنے گی۔