ٹریفک قوانین کی بار بار خلاف ورزی کرنے والے شہریوں کے خلاف لاہور ٹریفک پولیس نے بڑا فیصلہ کر لیا۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق ایسی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں نیلام کی جائیں گی جن کے مالکان نے بار بار ای چالان کی ادائیگی سے گریز کیا ہے۔
سی ٹی او نے چوائس نیوز کو بتایا کہ اب تک 129 ایسی موٹرسائیکلیں پکڑی گئی ہیں جن کے جرمانے ان کی مالیت سے بھی زیادہ ہیں۔ ان پر کم از کم ایک لاکھ روپے اور زیادہ سے زیادہ تین لاکھ 74 ہزار روپے تک کے جرمانے واجب الادا ہیں۔ ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق موٹرسائیکلوں کی نیلامی کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے اور جلد نیلامی کا عمل شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ نیلامی کے لیے پکڑی گئی موٹرسائیکلوں کے مالکان کو فون کرکے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ شہری اگر ای چالانز پر اعتراض رکھتے ہیں تو وہ ٹریفک پولیس سے رجوع کرسکتے ہیں۔سی ٹی او نے مزید کہا کہ مینول چالاننگ سسٹم کو ختم کرکے پورا نظام ای چالاننگ پر منتقل کیا جا رہا ہے، جبکہ وارڈن ایپ کی اپگریڈیشن کے بعد وصولیوں میں 10 گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔