دبئی: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف اور اوپنر صاحبزادہ فرحان کو میچ کے دوران جشن منانے کے انداز پر آئی سی سی کے سامنے وضاحت دینا پڑی۔ ذرائع کے مطابق حارث رؤف پر ممکنہ طور پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔
آئی سی سی میں سماعت
چوائس نیوز کے مطابق میچ ریفری رچی رچرڈسن نے دونوں کھلاڑیوں کے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ بھی کھلاڑیوں کی معاونت کے لیے موجود تھے۔
بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کے جشن کے انداز پر اعتراض اٹھاتے ہوئے آئی سی سی کو شکایت درج کرائی تھی۔ جس کے بعد میچ ریفری نے دونوں کرکٹرز سے اس معاملے پر وضاحت طلب کی۔
کھلاڑیوں کا مؤقف
ذرائع کے مطابق حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نے اپنے جشن کے انداز کا بھرپور دفاع کیا۔ دونوں نے تحریری جواب بھی جمع کروائے۔
صاحبزادہ فرحان نے وضاحت دی کہ ’’میرا تعلق کے پی سے ہے، وہاں اسی انداز میں جشن منایا جاتا ہے۔‘‘
حارث رؤف نے دورانِ سماعت کہا کہ ’’مجھے بتایا جائے آپ لوگوں کے خیال میں اس اشارے کا مطلب کیا ہے؟ الزامات کے حق میں کوئی ثبوت نہیں۔‘‘ ان کے سوال پر ریفری رچی رچرڈسن خاموش ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق میچ ریفری نے حارث رؤف سے کہا کہ ’’آپ کا اشارہ شاید کسی اور چیز کی طرف تھا۔‘‘ جس پر حارث رؤف نے جواب دیا: ’’آپ بتائیں، میں کس چیز کی طرف اشارہ کر رہا تھا؟‘‘
جب ریفری نے پوچھا کہ ’’آپ نے یہ اشارہ بار بار کیوں کیا؟‘‘ تو فاسٹ بولر نے کہا کہ ’’یہ صرف شائقین کے لیے تھا، اس کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔‘‘
آئندہ کا لائحہ عمل
ذرائع کا کہنا ہے کہ حارث رؤف پر میچ فیس کے 50 فیصد جرمانے کا امکان ہے، تاہم آئی سی سی کی جانب سے باضابطہ فیصلہ جلد متوقع ہے,