کولمبو: ویمنز ورلڈکپ 2025 میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قسمت نہ بدل سکی، روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 88 رنز سے شکست دے دی۔
کولمبو کے پریماداسا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 247 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 248 رنز کا ہدف دیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم 159 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستانی بیٹنگ فلاپ، صرف سدرہ امین ڈٹی رہیں
پاکستان کی جانب سے سدرہ امین نے شاندار 81 رنز کی اننگز کھیلی، مگر ان کی یہ کوشش رائیگاں گئی کیونکہ باقی بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکیں۔
پاکستان کی 8 بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہوسکیں۔
بھارتی باؤلرز کا راج
بھارت کی جانب سے کرانتی گاؤڈ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 10 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دیپتی شرما نے بھی 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جب کہ اسنیہا رانا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارتی اننگز کی جھلکیاں
بھارت کی اننگز میں ہرلین ڈیول 46 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں،
ریچا گھوش نے ناقابل شکست 35 رنز بنائے،
جبکہ جمیما روڈرگز نے 32 اور پراتیکا راول نے 31 رنز کی مفید اننگز کھیلیں۔
پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ سب سے کامیاب بولر رہیں، جنہوں نے 4 وکٹیں 69 رنز کے عوض حاصل کیں۔
کپتان فاطمہ ثنا اور سعدیہ اقبال نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ رامین شمیم اور نشرا سندھو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
دلچسپ لمحہ: مچھر بھی کھیل دیکھنے پہنچ گئے
میچ کے دوران 34ویں اوور میں کھیل اس وقت روکنا پڑا جب مچھروں نے اسٹیڈیم پر یلغار کر دی، جس کے بعد عارضی وقفہ لیا گیا۔
تاریخ دہرا دی گئی
پاکستان اور بھارت کے درمیان اب تک 11 ویمنز ون ڈے مقابلے ہوچکے ہیں، اور تمام میں بھارت کو فتح حاصل ہوئی ہے۔
پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے میچ سے قبل عزم ظاہر کیا تھا کہ وہ اس بار بھارت کو شکست دے کر تاریخ بدلیں گی، تاہم ٹیم کو ایک بار پھر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔