فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام اور منصوبوں پر تنقید برداشت نہیں کی جائے گی۔ پنجاب اپنے وسائل اور عوام کا محافظ ہے، کسی کو اس میں مداخلت کا حق نہیں۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ:
• “میرا پانی، میرا پیسا ہے، کسی کو اس سے کیا تکلیف ہے؟ پنجاب کو مشورہ دینے والے اپنے مشورے اپنے پاس رکھیں۔”
• فیصل آباد ڈویژن کے لیے 150 الیکٹرک بسیں فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ فیصل آباد میں جلد میٹرو منصوبے کی تعمیر شروع ہوگی۔
• راولپنڈی میں جدید الیکٹرک ٹرینیں لائی جائیں گی جبکہ جھنگ اور چنیوٹ میں بھی الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی۔
• الیکٹرک بسوں کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا تاکہ عوام پر بوجھ نہ پڑے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کے ترقیاتی منصوبوں کو تاریخ میں یاد رکھا جائے گا۔ “مخالفین جو دوسروں پر سیاہی اور جوتے پھینکنے کی ترغیب دیتے تھے، آج ایک دوسرے پر ہی جوتے مار رہے ہیں۔ ہماری توجہ صرف عوام کی خدمت پر ہے۔”
مریم نواز نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کے تحت تمام صوبوں کو برابر پیسے ملتے ہیں، لیکن ہر صوبہ اپنے وسائل کے استعمال کا خود ذمہ دار ہے۔ “مانگنے والا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔ پنجاب نے کبھی کسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کی، لہٰذا پنجاب پر بھی اعتراضات نہ کیے جائیں۔”
انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب اپنے پانی اور وسائل کو چولستان سمیت اپنی زمینوں کو آباد کرنے اور عوام کے لیے استعمال کرے گا۔ “جہاں پنجاب اور یہاں بسنے والوں کے حق کی بات آئے گی، مریم نواز کسی کو چھوڑے گی نہیں۔