لاہور: سیشن کورٹ لاہور نے کبڈی کے کھلاڑی کو میچ جیتنے پر قتل کرنے والے مجرم وراث کو سزائے موت اور دو لاکھ روپے جرمانے کا حکم سنا دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج شعیب انور قریشی نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ مقدمے میں پیش کیے گئے شواہد اور گواہوں کے بیانات سے ملزم قصوروار ثابت ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ کاہنہ پولیس نے 2022 میں مجرم وراث کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ سرکاری وکیل محمد شبیر خان نے عدالت میں گواہان پیش کیے اور مؤقف اختیار کیا کہ مجرم نے کبڈی میچ ہارنے کی رنجش میں کھلاڑی پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ فرانزک رپورٹس اور دیگر شواہد سے ثابت ہوا کہ مقتول کو لگنے والی گولی مجرم کے پستول سے چلائی گئی۔
دوسری جانب مجرم کے وکیل نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے عدالت سے بریت کی استدعا کی تاہم عدالت نے دلائل کا جائزہ لینے کے بعد قرار دیا کہ پراسیکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب رہی۔ اس پر عدالت نے مجرم وراث کو سزائے موت اور جرمانے کی سزا سنادی۔