کیلیفورنیا: دنیا بھر میں مقبول میسجنگ ایپ واٹس ایپ جلد ایک نیا پرائیویسی فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے، جس کے تحت صارفین فون نمبر کے بجائے یوزر نیم کے ذریعے ایک دوسرے سے رابطہ کر سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مئی 2023 میں میٹا نے واٹس ایپ کے لیے ایک ایسے فیچر پر کام شروع کیا تھا، جس سے صارفین اپنی کانٹیکٹ انفارمیشن کے لیے فون نمبر کے بجائے یوزر نیم استعمال کر سکیں۔
اب نئی پیشرفت کے مطابق واٹس ایپ کی اپ ڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ WABetaInfo نے اپنی تازہ رپورٹ میں بتایا ہے کہ کمپنی نے ایک یوزر نیم ریزرویشن سسٹم تشکیل دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں یہ فیچر آزمائشی طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔ اس میں صارفین کو اپنی پسند کا یوزر نیم پہلے سے ریزرو کرانے کا آپشن فراہم کیا جا رہا ہے۔
ابھی یہ فیچر ابتدائی مراحل میں ہے، تاہم کمپنی اسے بیٹا صارفین کے لیے پیش کرنے سے قبل بہتر بنانے پر کام کر رہی ہے تاکہ لانچ کے وقت ایک ہموار اور محفوظ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق مستقبل قریب میں واٹس ایپ صارفین اپنے یوزر نیم کو محفوظ کرا سکیں گے، اور ایک بار جب یہ فیچر فعال ہو جائے گا تو اسے استعمال کرنا نہایت آسان ہوگا۔
اس کے لیے صارف کو واٹس ایپ اوپن کرکے پروفائل پیج پر جانا ہوگا، جہاں نام، اباؤٹ، فون اور لنکس کے ساتھ ایک نیا یوزر نیم کا آپشن موجود ہوگا۔
اس آپشن پر کلک کر کے صارف اپنی پسند کا یوزر نیم ریزرو کر سکے گا۔
یوزر نیم ریزرویشن کے اہم اصول
• “www” کا استعمال یوزر نیم میں اجازت نہیں ہوگی۔
• یوزر نیم میں کم از کم ایک حرف ہونا ضروری ہوگا تاکہ صرف نمبروں پر مشتمل یوزر نیم نہ بنایا جا سکے۔
• پہلے سے محفوظ شدہ یوزر نیم دوبارہ استعمال نہیں کیے جا سکیں گے، ہر صارف کا یوزر نیم منفرد ہوگا۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر جلد متعارف کرایا جائے گا اور کمپنی اس کی دستیابی کو یقینی بنانے پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یوزر نیم کا فیچر صارفین کی پرائیویسی میں بڑا اضافہ ثابت ہوگا، کیونکہ اس سے فون نمبرز کو شیئر کیے بغیر بات چیت ممکن ہو جائے گی۔