راولپنڈی میں جرگے کے حکم پر شادی شدہ لڑکی کو قتل کرنے کے بعد لوڈر رکشہ میں قبرستان لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔
تھانہ پیر ودھائی کے علاقہ فوجی کالونی میں جرگہ کے حکم پر 19 سالہ شادی شدہ خاتون سدرہ عرب کو قتل کرنے کے بعد قبرستان لے جانے کی فوٹیج چوائس نیوز نے حاصل کرلی ہے۔
فوٹیج میں مقتولہ سدرہ عرب کو ایک لوڈر رکشہ میں لاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، یہ مناظر 17 جولائی کے ہیں جب راولپنڈی میں شدید بارش ہورہی تھی تو بارش کے باعث مقتولہ کی لاش کے اوپر سرخ ترپال ڈھانپا گیا ہے۔
فوٹیج میں لاش کو قبرستان لاتے وقت10 سے 15 لوگوں کو موقع پر دیکھا جاسکتا ہے۔ رکشہ لوڈر میں پڑی لاش سے سرخ ترپال کو ایک مرتبہ اٹھاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ مقتولہ سدرہ عرب کو 17 جولائی کو جرگے کے حکم پر قتل کیا گیا تھا، مقتولہ کو گلا دبا کر قتل کرنے کے بعد لوڈر رکشہ میں قبرستان لایا گیا، سدرہ عرب کو دفن کرکے قبر کے نشانات مٹائے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق خاتون کے قتل کا حکم جرگے کے سربراہ عصمت اللہ نے دیا تھا جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
عصمت اللہ نے مقتولہ کا جنازہ بھی خود ہی پڑھایا اور خاتون کے دوسرے شوہر عثمان نے بھی خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔
کیس کا پس منظر
خاتون اور عثمان کا نکاح 12 جولائی کو مظفر آباد میں ہوا ، مقتولہ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش ہو کر مرضی سے نکاح کا بیان بھی دیا تھا جب کہ مقتولہ نے یہ بھی بتایا تھا کہ پہلا شوہر اسے زبانی طلاق دے چکا ہے۔
عثمان کے والد نے بتایا کہ نکاح کے 4 دن بعد مسلح افراد نے دھمکیاں دیں پھر کہاکہ نکاح ہو گیا ہے تو لڑکی واپس کر دو ، اسے باضابطہ رخصت کريں گے، وہ لوگ لڑکی کو لے گئے ، پھر پتا چلا کہ اسے قتل کر دیا گیا ہے۔