پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی دبئی پہنچ گئے جہاں انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم سے طویل ملاقات کی اور کھلاڑیوں کو اہم معرکے کے لیے موٹیویٹ کیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے ہمراہ ڈائریکٹر نیشنل کرکٹ اکیڈمی عاقب جاوید بھی موجود تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران محسن نقوی اور عاقب جاوید نے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں بہتر کارکردگی کے لیے تیار رہنے کی تلقین کی۔ ٹیم کے پلیئنگ الیون میں حیران کن تبدیلیوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی دبئی وقت کے مطابق ساڑھے سات بجے آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی پہنچیں گے اور قومی ٹیم کے جاری ٹریننگ سیشن کا معائنہ کریں گے۔ اس موقع پر عاقب جاوید بھی کھلاڑیوں کی تیاریوں کا قریب سے جائزہ لیں گے۔
دوسری جانب پاک بھارت میچ کا جنون عروج پر پہنچ گیا ہے۔ ہائی وولٹیج ٹاکرے کے آغاز میں چند ہی گھنٹے باقی ہیں اور اسٹیڈیم تماشائیوں سے بھرنے کو تیار ہے۔ بیشتر ٹکٹیں فروخت ہو چکی ہیں جبکہ چند نشستیں باقی رہ گئی ہیں۔ انتظامیہ کو امید ہے کہ میچ کے روز اسٹیڈیم مکمل طور پر ہاؤس فل ہوگا۔
پاکستان اور بھارت کل ایونٹ کے سپر فور مرحلے میں آمنے سامنے آئیں گے اور شائقین کرکٹ بے چینی سے اس سنسنی خیز مقابلے کے منتظر ہیں۔