پاکستان پیپلزپارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے عوام کو ہر ممکن سہولت اور سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے متاثرین کی بحالی اور مدد سے متعلق پیش کردہ تمام سفارشات حکومت نے تسلیم کر لی ہیں۔
کسانوں اور متاثرہ خاندانوں پر خصوصی توجہ
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرین کی مالی مدد جاری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ وہ کسان جن کی فصلیں تباہ ہوئیں اور جن کے مویشی ضائع ہوئے، حکومت ان کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
پاکستان کو بڑے چیلنجز اور کامیابیاں
پیپلزپارٹی رہنما نے کہا کہ پاکستان اس وقت سیلاب جیسے بڑے چیلنج کا سامنا کر رہا ہے، مگر اس کے ساتھ ساتھ ملک کو نمایاں سفارتی کامیابیاں بھی حاصل ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہونے والا معاہدہ پاکستان کے لیے بڑی سفارتی کامیابی ہے، جبکہ قطر اور امریکہ کی میزبانی میں منعقدہ کانفرنس میں پاکستان کی شرکت بھی خوش آئند ہے۔ یہ کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعث فخر ہیں اور اللہ کا جتنا شکر ادا کریں کم ہے۔
افغانستان کے ساتھ تعلقات
افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر اسلامی اور ہمسایہ ملک ہے، پاکستان نے ہمیشہ اس کے لیے خیرسگالی اور اچھے جذبات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے بڑے حقوق ہوتے ہیں اور پاکستان ہمیشہ ان کا خیال رکھتا ہے۔ تاہم انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اگر افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو تو یہ نہایت تشویشناک ہے۔ ان کے مطابق اس پر پاکستان کی تشویش بالکل فطری اور جائز ہے۔