دبئی: ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی فائنل کی اختتامی تقریب میں ایک غیر معمولی صورتحال سامنے آئی، جب فاتح بھارتی ٹیم کو نہ تو ٹرافی دی گئی، نہ ہی میڈلز اور نہ ہی چیمپئن کا بورڈ۔ تقریب ختم ہونے کے بعد انتظامیہ ٹرافی اپنے ساتھ لے گئی اور بھارتی کھلاڑی میدان میں خالی ہاتھ کھڑے رہ گئے۔
بھارتی ٹیم کو ٹرافی نہیں ملی
ذرائع کے مطابق اب بھارتی ٹیم کو ٹرافی ملنے کا امکان بھی نہیں ہے کیونکہ ایشیا کپ کی انتظامیہ اسے اپنے ساتھ لے گئی ہے۔ بھارتی کھلاڑیوں نے بغیر ٹرافی اور چیمپئن بورڈ کے ہی تصاویر بنوائیں، جس پر شائقین کرکٹ بھی حیران رہ گئے۔
ہٹ دھرمی اور تقریب کی تاخیر
یاد رہے کہ بھارتی بورڈ کے ایما پر بھارتی ٹیم نے صدر ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کردیا تھا۔ بھارتی ٹیم کے اس رویے کے باعث دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل تقریب تاخیر کا شکار ہوئی۔
تقریب کے میزبان سائمن ڈول نے اعلان کیا کہ ایشین کرکٹ کونسل نے اطلاع دی ہے کہ بھارتی ٹیم ٹرافی وصول نہیں کرے گی۔
محسن نقوی اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے
صدر اے سی سی محسن نقوی نے بھارتی ٹیم کے انکار کے بعد بھی اپنے فیصلے پر قائم رہتے ہوئے ٹرافی کسی اور سے بھی نہ دلوائی۔ اس کے نتیجے میں تقریب غیر معمولی انداز میں بغیر ٹرافی دیے ختم ہوگئی۔
اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی
خیال رہے کہ ایشیا کپ کے دوران بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کے خلاف رویہ اپنایا۔ نہ تو پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایا گیا اور نہ ہی فائنل سے قبل دونوں کپتانوں کی مشترکہ تصویر لی گئی۔