اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیپلز پارٹی اور پنجاب حکومت کے درمیان جاری تنازع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔
’’نواز شریف نے مریم نواز کی پالیسیوں کی تائید کردی‘‘
پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے واضح کیا ہے کہ مریم نواز صوبائی حکومت کی سربراہ کی حیثیت سے جو مؤقف اپنا رہی ہیں، اس میں پارٹی ان کے پیچھے مضبوطی سے کھڑی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ دو روز قبل جاتی امرا لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف نے نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں صوبائی سطح پر بڑھتی ہوئی سیاسی کشیدگی اور پیپلز پارٹی کے تحفظات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف نے بیانات میں نرمی کی تجویز دی
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے تجویز دی کہ اگر وزیراعلیٰ مریم نواز اپنے بیانات میں نرمی اختیار کریں تو پیپلز پارٹی کی جانب سے بھی محاذ آرائی میں کمی آئے گی۔
تاہم نواز شریف نے اپنی گفتگو میں مریم نواز کی پالیسی اور طرزِ بیان کی مکمل تائید کرتے ہوئے کہا کہ
’’مریم نے جو مؤقف اختیار کیا، وہ صوبے کے مفاد میں ہے اور پارٹی کی پالیسی سے مطابقت رکھتا ہے۔‘‘
پس منظر: ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں کشیدگی
واضح رہے کہ مریم نواز کے نہری نظام اور پانی کی تقسیم سے متعلق بیان کے بعد پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان تعلقات میں تناؤ پیدا ہو گیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت پر ’’مرکزی وسائل پر اجارہ داری‘‘ کا الزام لگایا، جس کے جواب میں پنجاب حکومت نے پیپلز پارٹی کے بیانات کو ’’سیاسی پوائنٹ اسکورنگ‘‘ قرار دیا۔