نیویارک: ایلون مسک کی کمپنی ٹیسلا نے 2025 کی تیسری سہ ماہی میں مرسڈیز کو عالمی فروخت میں پیچھے چھوڑ دیا، کمپنی نے تاریخ کی سب سے زیادہ فروخت ریکارڈ کی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکٹرک کاریں بنانے والی امریکی کمپنی ٹیسلا نے جولائی سے ستمبر 2025 کے دوران 4 لاکھ 97 ہزار 99 گاڑیاں فروخت کیں،
جبکہ مرسڈیز بینز کی فروخت 4 لاکھ 41 ہزار 500 یونٹس رہی — جو گزشتہ سال کی نسبت 12 فیصد کم ہے۔
مرسڈیز کی فروخت میں نمایاں کمی
اعداد و شمار کے مطابق امریکا میں مرسڈیز کی فروخت 17 فیصد جبکہ چین میں 27 فیصد کم ہوئی۔
کمپنی نے فروخت میں کمی کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی درآمدی ڈیوٹیوں کو قرار دیا ہے۔
ٹیسلا کی فروخت میں 29 فیصد اضافہ
ٹیسلا کی فروخت میں گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 29 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ٹیسلا کی کامیابی کی بڑی وجہ الیکٹرک گاڑیوں کی بڑھتی ہوئی عالمی طلب اور کمپنی کے جدید مینوفیکچرنگ ماڈلز ہیں۔
ایلون مسک دنیا کے امیر ترین شخص
رپورٹس کے مطابق ٹیسلا کی تاریخی فروخت کے بعد کمپنی کے بانی ایلون مسک کی دولت نصف ٹریلین ڈالر (500 ارب ڈالر) سے تجاوز کر گئی ہے،
جس کے ساتھ وہ دنیا کے پہلے شخص بن گئے ہیں جن کی دولت اس سطح تک پہنچی ہے۔
تاہم، مجموعی طور پر 2025 میں ٹیسلا کی سالانہ فروخت گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 فیصد کم رہی ہے۔