محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ نے صوبے بھر کے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں پر لگی پرانی نمبر پلیٹس فوری طور پر نئی فیوچرڈ نمبر پلیٹس سے تبدیل کروائیں، بصورت دیگر بھاری جرمانوں اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کردہ یاد دہانی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ ہدایت سندھ کی تمام گاڑیوں پر لاگو ہوگی، چاہے وہ موٹر سائیکلیں، کاریں یا دیگر پرائیویٹ اور کمرشل گاڑیاں ہوں۔ شہریوں کو اگلے ماہ تک مہلت دی گئی ہے کہ وہ اپنی پرانی یا پیلے رنگ کی نمبر پلیٹس نئی فیوچرڈ پلیٹس سے تبدیل کریں۔
بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی کی تنبیہ
نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ قوانین پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف ٹریفک پولیس سخت ایکشن لے گی، جس میں بھاری چالان، جرمانے اور گاڑی ضبطی بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ جن شہریوں نے اب تک اپنی نئی نمبر پلیٹس (پرانے سیریز والے) سوک سینٹر سے وصول نہیں کیں، وہ پہلی فرصت میں جا کر وصول کریں۔
سندھ حکومت کا فیصلہ اور شہریوں کی مشکلات
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تمام گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کو نئی فیوچرڈ پلیٹس سے تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے لیے ایک مخصوص مدت بھی دی گئی تھی۔ تاہم، مقررہ ڈیڈ لائنز گزر جانے کے باوجود اب بھی بڑی تعداد میں گاڑیاں پرانی پلیٹس کے ساتھ سڑکوں پر موجود ہیں۔
شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ نمبر پلیٹس کی اچانک تبدیلی خصوصاً کراچی میں عوام کے لیے ایک غیر متوقع اور پریشان کن فیصلہ ثابت ہوئی ہے۔ شہریوں کا مؤقف ہے کہ ایک طرف مہنگائی نے پہلے ہی مشکلات بڑھا دی ہیں، اور دوسری جانب نئی پلیٹس کے لیے بھاری فیس اور جرمانے عوام پر مزید بوجھ ڈال رہے ہیں