اسلامی نظریاتی کونسل نے اپنے حالیہ اجلاس میں متعدد اہم امور پر سفارشات اور آراء پیش کیں۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی نے کی۔
ودہولڈنگ ٹیکس غیر شرعی قرار
کونسل نے واضح موقف اپناتے ہوئے ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیا اور کہا کہ یہ عوام پر بلاجواز بوجھ ہے جو زیادتی کے مترادف ہے۔
سپریم کورٹ کے فیصلے پر اعتراض
اجلاس میں سپریم کورٹ کے 11 ستمبر کے اس فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا جس کے مطابق نکاح کے بعد رخصتی سے قبل طلاق کی صورت میں بھی شوہر پر نان نفقہ کی ادائیگی لازم قرار دی گئی تھی۔ کونسل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ فیصلہ قرآن و سنت کے خلاف ہے۔
انسانی دودھ کے ذخیرہ اندوزی مراکز
کونسل نے انسانی دودھ ذخیرہ کرنے کے اداروں کے قیام کے حوالے سے کہا کہ مخصوص شرائط کے تحت یہ ادارے قائم کیے جا سکتے ہیں، تاہم اس سے قبل لازمی قانون سازی کی جائے اور اس عمل میں اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی شامل کیا جائے۔
دیت کے قانون میں ترامیم کی مخالفت
کونسل نے دیت کے قانون میں مجوزہ ترامیم کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ بل میں چاندی کو حذف کرنے اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنانے کی تجویز دی گئی ہے، جو قابل قبول نہیں۔ کونسل کے مطابق دیت کے تعین میں سونا، چاندی اور اونٹ سے متعلق شرعی مقداریں قانون کا حصہ رہنی چاہئیں۔
انسولین کے استعمال پر رائے
اجلاس میں شوگر کے مریضوں کے لیے انسولین کے استعمال سے متعلق بھی فیصلہ کیا گیا۔ کونسل نے کہا کہ اگر انسولین حلال اجزا سے تیار کی جائے تو اس کے استعمال کی اجازت ہے، تاہم خنزیر کے اجزا پر مشتمل انسولین سے پرہیز کیا جائے اور اس حوالے سے مناسب قانون سازی کی جائے۔