کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خوراک کے ضیاع اور فضلے میں کمی سے متعلق عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان میں خوراک کے ضیاع کی روک تھام قومی ضرورت ہے اور اس حوالے سے سندھ حکومت مؤثر منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خوراک کے ضیاع کو روک کر ہم بھوک مٹانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں، کیونکہ اس کا سب سے زیادہ اثر غریب اور محروم طبقے پر پڑتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے زرعی ملک میں خوراک کا ضیاع ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کا بچاؤ عوام کی فلاح، معیشت اور ماحول کے لیے ضروری ہے۔ سندھ حکومت اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے ہدف 12.3 (خوراک کے ضیاع میں کمی) کے حصول کے لیے پرعزم ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ خوراک کے ضیاع سے پانی، زمین اور محنت جیسے قیمتی وسائل بھی ضائع ہوتے ہیں، جبکہ دنیا کو درپیش غذائی بحران کے پیش نظر اس مسئلے پر قابو پانا اشد ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ صوبے میں پائیدار زرعی ٹیکنالوجی اور بہتر نظام کے ذریعے خوراک کے ضیاع کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ خوراک کا بچاؤ درحقیقت انسانیت کا بچاؤ ہے۔