وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں سیلاب متاثرہ افراد کی مدد کے لئے فلڈ سروے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کی بحالی کے عمل کو تیز اور شفاف بنایا جائے۔
فلڈ سروے کے لیے پنجاب کے 26 اضلاع میں 1629 ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں، جو مقامی انتظامیہ کی معاونت اور مانیٹرنگ میں کام کر رہی ہیں۔ اس حوالے سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ سروے ٹیموں کو ہر ممکن تعاون فراہم کریں۔
قصور میں سیلاب زدگان کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے فلڈ سروے کا آغاز کل (یکم اکتوبر) سے ہوگا۔
ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق:
• فلڈ سروے ٹیموں کے مستعد اور متحرک ارکان نے چند ہی دنوں میں 27 ہزار 500 افراد کا ڈیٹا جمع کر لیا۔
• 48071 ایکڑ سیلاب متاثرہ زمین کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے۔
• 8305 گھروں کی تباہی کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے۔
• سروے ٹیموں نے سیلاب کے دوران ہلاک ہونے والے 1712 مویشیوں کا اندراج بھی کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ متاثرین کو ان کے نقصانات کے مطابق جلد معاوضہ فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنی زندگی دوبارہ معمول پر لا سکیں۔