لاہور: آئی سی سی کی تازہ ترین ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پاکستان کے آل راؤنڈر صائم ایوب نے شاندار پیش رفت کرتے ہوئے بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا سے پہلی پوزیشن چھین لی۔
آئی سی سی کے مطابق آل راؤنڈرز کی فہرست میں صائم ایوب 4 درجے بہتری کے بعد سرفہرست آ گئے ہیں، جبکہ ہاردک پانڈیا دوسری اور افغانستان کے محمد نبی تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
بیٹرز کی رینکنگ میں بھارت کے ابھیشیک شرما بدستور پہلی پوزیشن پر قابض ہیں۔ پاکستان کے صاحبزادہ فرحان نے 11 درجے ترقی کے بعد 13 ویں نمبر پر جگہ بنالی جبکہ بھارت کے سنجو سیمسن 8 درجے بہتری کے بعد 31 ویں پوزیشن پر آگئے۔ سری لنکا کے پاتھم نسانکا 2 درجے بہتری سے پانچویں نمبر پر پہنچ گئے، البتہ بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو 2 درجے تنزلی کے بعد 8 ویں نمبر پر چلے گئے۔ پاکستان کے بابر اعظم 37 ویں اور محمد رضوان 41 ویں نمبر پر تنزلی کے بعد موجود ہیں۔
بولرز کی رینکنگ میں بھارت کے ورون چکرورتی بدستور سرفہرست ہیں۔ پاکستان کے ابرار احمد 3 درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر آگئے، جبکہ کلدیپ یادیو 9 درجے ترقی کے بعد 12 ویں اور شاہین آفریدی 12 درجے بہتری کے ساتھ 14 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ فاسٹ بولر حارث رؤف 5 درجے تنزلی کے بعد 33 ویں پوزیشن پر چلے گئے، جبکہ محمد نواز 5 درجے بہتری سے 41 ویں اور فہیم اشرف 4 درجے ترقی کے بعد 35 ویں نمبر پر آگئے۔