بھارتی ریاست کیرالہ میں پھنسنے والے ایف 35 طیارے کو کھول کر برطانیہ منتقل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 14 جون کو ایف-35 بی اسٹیلتھ لڑاکا طیارے نےتھرواننتھا پورم ائیرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اور یہ طیارہ ایچ ایم ایس پرنس آف ویلز کیرئیر اسٹرائیک گروپ کا حصہ تھا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ ساحل کے پاس خراب موسم اورکم فیول کے باعث طیارےکو ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تھی، بھارتی فضائیہ نے طیارے کو محفوظ لینڈنگ، ایندھن اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جب کہ ہنگامی لینڈنگ کے بعد سے ایف 35 طیارہ اب تک گراؤنڈ ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کیرئیر پر واپس لوٹنے کی تیاری کے دوران طیارے میں ہائیڈرولک خرابی کا پتا چلا، متعدد کوششوں کے باوجود طیارے میں ہائیڈرولک خرابی دور نہیں کی جاسکی، برطانوی انجینئرنگ ٹیم کے اب تک بھارت نہ پہنچنے سے طیارے کی مرمت تاخیر کا شکار ہوئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق برطانیہ سے متوقع 30 رکنی انجینئرنگ ٹیم کو بھارت پہنچنا تھا، طیارہ ائیرپورٹ پر سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس کی حفاظت میں کھڑا ہے، ابتدائی طور پر برطانوی نیوی نے طیارے کو ہینگر میں منتقل کرنے کی پیشکش مسترد کردی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مون سون بارشوں کے پیش نظر اس فیصلے پر نظر ثانی کی گئی اور طیارے کو کھول کر اب فوجی کارگو طیارے کے ذریعے برطانیہ واپس منتقل کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔