بائیٹ ڈانس کی جانب سے ایک نئی ایپ تیار کی جا رہی ہے جو امریکا میں ٹک ٹاک کی جگہ لے گی۔
دی انفارمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ یہ صرف امریکا کے لیے ٹک ٹاک ایپ ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق بائیٹ ڈانس کی جانب سے یہ ایپ اس وقت تیار کی جا رہی ہے جب امریکا میں ٹک ٹاک کو فروخت نہ کرنے پر اس پر پابندی کا خطرہ ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ٹک ٹاک کی فروخت کے لیے کمپنی کو رواں سال تیسری مرتبہ مہلت دی گئی جو 17 ستمبر کو ختم ہوگی۔
تو اس نئی ایپ کے ذریعے ٹک ٹاک کی فروخت کے امریکی قانون پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا مگر اس طرح کے کسی معاہدے کے لیے چینی حکومت کی اجازت کی ضرورت ہوگی۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جب اس نئی ایپ کو ستمبر میں متعارف کرایا جائے گا تو بتدریج اوریجنل ایپ کو ختم کر دیا جائے گا اور صارفین کو نئی ایپ میں منتقل کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ سرمایہ کاروں کا ایک گروپ امریکا میں ٹک ٹاک کو خریدنے کے قریب ہے۔
بائیٹ ڈانس کو بھی نئی انتظامیہ میں معمولی حصہ دیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ابھی ٹک ٹاک کی اس نئی ایپ کو ایم 2 کا نام دیا گیا ہے جبکہ اوریجنل ایپ کو ایم کہا جا رہا ہے۔
جب نئی ایپ متعارف کرا دی جائے گی تو اوریجنل ایپ کو مارچ 2026 تک مکمل طور پر امریکا میں بند کر دیا جائے گا۔