"تحریر: ثناء حلیم "
18 اگست کا دن خوشیوں، نیک تمناؤں اور دعاؤں سے لبریز ہے کیونکہ یہ وہ دن ہے جب ایک باوقار، باکردار اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار شخصیت نے جنم لیا۔ صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب، محترمہ عُظمٰی بخاری نہ صرف مسلم لیگ (ن) کا معتبر اور مضبوط نام ہیں بلکہ محبت، خلوص اور اخلاق کی روشن مثال بھی ہیں۔
عُظمٰی بخاری کی شخصیت میں سیاستدان ہونے کے ساتھ ساتھ انسانیت کا جوہر بھی جھلکتا ہے۔ وہ نرم خو، شائستہ اور عاجزانہ مزاج کی مالک ہیں، جو ہر شخص کے ساتھ خالص انسانی تعلق استوار کرنے پر یقین رکھتی ہیں۔ کارکن ہوں یا صحافی، بزرگ ہوں یا نوجوان—ہر ایک کو وہ عزت اور احترام دیتی ہیں۔ یہی وہ خوبی ہے جو اُنہیں دوسرے سیاستدانوں سے منفرد کرتی ہے۔
مجھے اپنی زندگی کا وہ لمحہ کبھی نہیں بھولتا جب میرے شوہر بیماری کے باعث اسپتال میں داخل تھے۔ اس وقت محترمہ عُظمٰی بخاری بغیر کسی پروٹوکول اور تشہیر کے ہماری خیریت دریافت کرنے آئیں۔ نہ کوئی کیمرہ تھا، نہ کوئی دکھاوا—صرف خالص انسانیت، محبت اور ہمدردی سے بھرپور چند الفاظ۔ یہ منظر آج بھی میرے دل پر نقش ہے کہ عہدہ رکھنے کے باوجود انسانیت ان کی پہچان ہے۔
محترمہ مریم نواز شریف بھی عُظمٰی بخاری کی صلاحیتوں کو دل سے سراہتی ہیں اور انہیں پارٹی کا ایک بااعتماد ستون قرار دیتی ہیں۔ وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے کے بعد انہوں نے میڈیا مینجمنٹ اور حکومتی ترجمانی میں ایک نیا معیار قائم کیا۔ عوامی آگاہی مہمات، تعلیم، صحت اور خواتین کے حقوق جیسے موضوعات پر اُن کی بھرپور دلچسپی اور متحرک کردار نے اُنہیں عوامی دلوں سے جوڑ دیا۔ وہ صرف بیانات تک محدود نہیں رہتیں بلکہ عوامی تقریبات، تعلیمی اداروں اور فلاحی منصوبوں میں براہ راست شرکت کر کے عملی خدمت کا ثبوت دیتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میڈیا ورکرز اور صحافی برادری میں بھی وہ عزت اور احترام کی نظر سے دیکھی جاتی ہیں۔
عُظمٰی بخاری کا ہر قدم خدمت، شفافیت اور خلوص کی جھلک پیش کرتا ہے۔ اُن کا ماننا ہے کہ سیاست کا مقصد صرف اقتدار حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کے دل جیتنا ہے—اور یہ وصف انہیں آج لاکھوں دلوں میں زندہ رکھے ہوئے ہے۔
اس خاص دن پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محترمہ عُظمٰی بخاری کو صحت مند، خوشحال اور دراز عمر عطا فرمائے، ان کی زندگی کو کامیابیوں اور عزتوں سے بھر دے اور وہ یوں ہی محبت و خلوص کے ساتھ عوام کے دلوں پر راج کرتی رہیں