وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں کچرا ٹھکانے لگانے کے لیے جدید منصوبہ متعارف کرا دیا۔ منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں ’’سمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘‘ نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کے حکم نامے کے مطابق تعلیمی اداروں میں پانچ رنگوں کے الگ الگ کوڑے دان رکھے جائیں گے تاکہ مختلف اقسام کے کچرے کو علیحدہ جمع کر کے ماحول دوست طریقے سے ٹھکانے لگایا جا سکے۔
سینئر وزیر ماحولیات اینڈ کلائمٹ چینج مریم اورنگزیب منصوبے کی نگرانی کریں گی، جبکہ وزیر تعلیم رانا سکندر اور وزیر بلدیات زیشان ملک کو ٹارگٹس سونپ دیے گئے ہیں۔ 30 ستمبر تک تمام تعلیمی اداروں میں رنگدار کوڑے دان نصب کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی ہے اور یکم اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگا۔ رنگدار ڈبے نہ رکھنے والے اداروں پر جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
ماحولیاتی تحفظ کے ادارے (ای پی اے) کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیلے ڈبوں میں کاغذ و ردی، سبز میں بوتلیں، کانچ اور لیبارٹری کا ضائع شدہ سامان، سرمئی (گرے) ڈبوں میں پھلوں کے چھلکے، کھانا اور سبزیاں، لال ڈبوں میں دھات جبکہ نارنجی (اورنج) ڈبوں میں پلاسٹک کا کچرا پھینکا جائے گا۔ ان اشیاء کو بعد ازاں ری سائیکلنگ کے ذریعے دوبارہ قابل استعمال بنایا جائے گا۔
مزید برآں، لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ان رنگدار کوڑے دانوں کے انتظام کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ای پی اے کی ٹیمیں تعلیمی اداروں کا باقاعدہ معائنہ کریں گی اور معیار پر پورا اترنے والے اداروں کو ای پی اے کی جانب سے سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا جائے گا۔ تعلیمی ادارے کچرے کی منتقلی کے لیے پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن 1139 پر بھی رابطہ کر سکیں گے۔