نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے ایشیا کپ کی فتح کو “آپریشن سندور” سے جوڑنے کے بیان پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے کھیل کو سیاست اور جنگی پروپیگنڈے سے آلودہ کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
کانگریس رہنما اتل پٹیل نے وزیراعظم مودی کے رویے کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کھیل کو جنگی بیانیے سے جوڑنا ناقابلِ قبول ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میچ کھیلا گیا تو کھیل کی روح کے ساتھ کھیلا جانا چاہیے تھا، نہ کہ اسے جنگی پروپیگنڈے میں بدل دیا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ “کیا مودی کو خارجہ پالیسی اور سفارت کاری کی کوئی سمجھ ہے؟”
اسی طرح مہاراشٹر کانگریس کے صدر ہرش وردھن سکپال نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی چاہے پانی ہو، ہوا ہو یا کھیل، ہر جگہ سیاست اور پولرائزیشن گھسیڑ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کھیلوں کو بھی سیاسی نفرت کے ایجنڈے کے لیے استعمال کر رہے ہیں، جو ملک کے وقار کے خلاف ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل چیئرمین ایشین کرکٹ کونسل محسن نقوی نے بھی بھارتی وزیراعظم کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ جنگ کو کھیل سے جوڑنا مایوسی کی علامت ہے۔